لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کی سیشن کورٹ نے شوگر سکینڈل میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی درخواست ضمانت منظور کرلی۔ عدالت نے 10 جولائی تک دونوں ملزموں کو گرفتار کرنے سے روک دیا۔
لاہور کی سیشن کورٹ نے شوگر سکینڈل میں درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ شہباز شریف نے روسٹرم پر آکر اپنے حق میں دلائل دیتے ہوئے بتایا کہ یہ سمجھ نہیں آئی مجھے شوگر سکینڈل میں ایف آئی اے نے کیوں طلب کیا، جیل میں بھی ایف آئی اے نے سوالات کیے، شوگر ملز میں شیئر ہولڈر بھی نہیں ہوں نا بورڈ آف ڈائریکٹرز میں ہوں، نیب کے کیسز بھگت رہا ہوں، اب ایف آئی اے کو میرے پیچھے لگا دیا۔
شہباز شریف نے عدالت میں کہا کہ شوگر ملز میں بچوں کے نام ہیں، والد مرحوم کی وراثت سے آنے والی تمام جائیدادوں کو بچوں کے نام کر دیا، عدالت کے سامنے تمام ریکارڈ رکھوں گا، اپنے دور میں کسانوں کو گنے کی قیمیت 182 روپے مقرر کی، میرے پاس شوگر ایسوسی ایشن آئیں اور قیمتیں بڑھنے پر ناراضگی کا اظہار کیا۔