لاہور: (دنیا نیوز) ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ کیس میں قائد حزب اختلاف و پاکستنان مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف کو 22 جون کو طلب کرلیا۔ فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی نے لیگی رہنما کو تمام ریکارڈ ساتھ لانے کی ہدایت کی ہے۔
ایف آئی اے نے شہباز شریف کو طلبی کا نوٹس جاری کر دیا جس میں کہا گیا کہ آپ کو دو دفعہ سوالنامہ بھجوایا گیا مگر آپ نے جواب نہیں دیا، دسمبر 2020 میں ایف آئی اے کی ٹیم نے 5 سوالوں پر مشتمل سوالنامہ دیا تھا، جنوری 2021 میں آپ کو دوبارہ یاد دہانی کرائی گئی، آپ نے کہا کہ عطا تارڑ آپ کے جوابات جمع کروائیں گے مگر جواب جمع نہیں ہوا۔
نوٹس کے متن میں مزید کہا گیا کہ ایف آئی اے کے پاس نا قابل تردید ثبوت ہیں کہ آپ کے ایما پر بیٹے سلمان شہباز نے بھاری رقم وصول کی، سلمان شہباز نے رقم وزیر اعلی سب آفس ماڈل ٹاؤن میں وصول کی، تمام کیش آپ کی گرین کلر کی بلٹ پروف گاڑی میں لے جا کر مختلف اکاؤنٹس میں جمع کروایا گیا۔