وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس منگل کو ہوگا

Published On 21 June,2021 08:45 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس منگل کو ہوگا۔ وفاقی کابینہ 17 نکاتی ایجنڈا پر غور کرے گی۔ ملکی معاشی اور سیاسی صورتحال سمیت ملک بھر میں ویکسینیشن کے عمل کا جائزہ لیا جائے گا۔

وفاقی کابینہ سرکاری املاک کے عوض ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل سکوک بانڈز جاری کرنے کی منظوری دے گی۔ وفاقی کابینہ کو بینکوں کی جانب سے معاف کیے گئے قرضوں پر رپورٹ پیش کی جائے گی۔

کابینہ چیئرمین پی آئی اے کی تعیناتی کی منظوری دے گی۔ ونڈ پاور منصوبے کے لیے منگوائی گئی کرینوں کی پوسٹ شپمنٹ انسپیکشن کا معاملہ کابینہ ایجنڈا میں شامل ہے۔

وفاقی کابینہ ممنوعہ بور کے اسلحہ لائسنس جاری کرنے کی منظوری دے گی اور ڈریپ کے چیف ایگزیکٹو کی تعیناتی کا فیصلہ کرے گی۔

اس کے علاوہ اسلام آباد کے زون فور میں کثیر المنزلہ عمارتوں کی تعمیر کی منظوری دی جائے گی۔

فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی کی جانب سے کارلٹن ہوٹل کراچی کی زمین استعمال کرنے کا معاملہ کابینہ ایجنڈا کا حصہ ہے جبکہ وفاقی کابینہ تجاوزات کے خلاف پبلک پراپرٹی بل 2021ء کی منظوری دے گی۔

وفاقی کابینہ کری روڈ اسلام آباد میں سپریم کورٹ سٹاف ہاؤسنگ کالونی کی تعمیر کی منظوری دے گی۔

لگزمبرگ کے ساتھ دوہری شہریت کا معاملہ بھی وفاقی کابینہ ایجنڈا میں شامل ہے۔ اسلام آباد ماسٹر پلان نظر ثانی کمیشن کے ممبران میں اضافے کے معاملے پر بھی غور ہوگا۔

وفاقی کابینہ نیشنل ووکیشنل ٹریننگ کمیشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی تعیناتی کی منظوری دے گی۔

سکھر پاور کمپنی کے چیف ایگزیکٹو اور دیامر بھاشا ڈیم کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں آزاد رکن کی شمولیت کا فیصلہ ہوگا۔

وفاقی کابینہ ای سی سی اور کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کے فیصلوں کی توثیق کرے گی۔

 

Advertisement