لاہور میں موسم گرم رہیگا، خیبرپختونخوا اور سندھ کے بعض مقامات پر بارش کا امکان

Published On 23 June,2021 04:46 pm

لاہور: (روزنامہ دنیا) لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آج موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم ملتان، ڈی جی خان اور بہاولپور میں دن کے دوران موسم شدید گرم رہنے جبکہ بعد از دوپہر گرد آلود ہوائیں اور آندھی چلنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم دیر، مالاکنڈ، سوات، کرم، وزیرستان، کوہستان، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں چند مقامات پر گرج چمک کیساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

سندھ کے اضلاع سکھر، لاڑکانہ اور شہید بینظیر آباد میں شام یا رات کے اوقات میں تیز ہوائیں اور آندھی چلنے کی توقع ہے۔

کراچی میں بھی رات کے اوقات میں بوندا باندی ہو سکتی ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

گزشتہ روز زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت سبی، دادو 45، جیکب آباد 44، تربت، پشاور 42، لاہور، ملتان41، فیصل آباد، حیدر آباد 40، اسلام آباد 39، کراچی 36، کوئٹہ 35 اور مری میں 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

جمعرات کے روز ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم خشک جبکہ میدانی علاقوں میں شدید گرم رہیگا۔ تاہم شام اور رات میں بالائی خیبر پختونخوا، اسلام آباد، شمال مشرقی پنجاب، گلگت بلتستان اور کشمیر میں آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش کی پیشگوئی ہے۔

 

Advertisement