اسلام آباد: (دنیا نیوز) مقبوضہ وادی میں بھارت کے یکطرفہ اقدامات کیخلاف سینیٹ میں مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی ہے۔ ڈاکٹر زرقا تیمور کی پیش کردہ قرارداد میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوششوں کی مذمت کی گئی ہے۔
تفصیل کے مطابق بھارتی وزیراعظم کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی حیثیت سے متعلق طلب کردہ اجلاس کے بعد پاکستانی ایوانِ بالا نے بھارت سے وادی پر ناجائز تسلط کے خاتمے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
سینیٹ میں کشمیر کی آئینی حیثیت میں تبدیلی فوری واپس لینے اور کشمیریوں کو حق خودارادیت دینے کے حق میں متفقہ قرارداد منظور کر لی گئی ہے۔
یہ قراداد سینیٹر زرقا تیمور سہروردی اور سینیٹر مشاہد حسین سید کی جانب سے جمع کروائی گئی تھی۔
سینٹ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ بھارت کشمیریوں کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں حق خود ارادیت دے، بھارت کشمیر کی آئینی حیثیت کو 5 اگست 2019ء سے پہلے کی حالت پر بحال کرے۔ زیر حراست تمام سیاسی قیدی فوری رہا کرے اور مقبوضہ کشمیر میں اقلیت کو اکثریت میں بدلنے کی کوششیں فوری ترک کرے۔