پیپلزپارٹی کے یوسف رضا گیلانی اپوزیشن لیڈر سینیٹ مقرر، نوٹیفکیشن جاری

Published On 26 March,2021 02:32 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی کے سینیٹر یوسف رضا گیلانی کو اپوزیشن لیڈر سینیٹ مقرر کر دیا گیا۔ یوسف رضا گیلانی کی تقرری کا نوٹیفکیشن سینیٹ سیکریٹریٹ نے جاری کیا۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر یوسف رضا گیلانی نے ایوان بالا میں قائد حزب اختلاف بننے کیلئے 30 سینیٹرز کے حمایتی دستخطوں کے ساتھ درخواست جمع کرائی تھی۔

یوسف رضا کی سینٹ میں اپوزیشن لیڈر کیلئے 30 ارکان کی حمایت سے درخواست جمع

سینیٹر یوسف رضا گیلانی نے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کیلئے درخواست چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے پاس جمع کرائی، شیری رحمان، روبینہ خالد و دیگر رہنما بھی ان کے ہمراہ تھے۔ یوسف رضا گیلانی کی ایوان بالا میں قائد حزب اختلاف بننے کے لئے درخواست پر 30 سینیٹرز نے تحریری حمایت کے لئے دستخط کیے تھے۔

21 پیپلزپارٹی، 2 اے این پی، ایک جماعت اسلامی کا ممبر شامل ہے۔ سابق فاٹا کے 2 ارکان، دلاور خان کے آزاد گروپ کے 4 ممبران کو حمایت بھی شامل ہے۔ قبل ازیں سینیٹ کے 2 آزاد اراکین سینیٹر ہدایت اللہ اور سینیٹر ہلال الرحمان نے یوسف رضا گیلانی کیلئے تحریری حمایت پر دستخط کیے تھے۔

یاد رہے اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین سینیٹ الیکشن سے متعلق سید یوسف رضا گیلانی کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کر دی تھی۔ عدالت نے تحریری فیصلے میں کہا کہ توقع ہے منتخب نمائندے اور سیاسی قیادت عدالت کو ملوث کیے بغیر تنازعات حل کرنے کی کوشش کریں گے۔
 

Advertisement