کورونا کیسز میں کمی، سندھ حکومت نے پابندیوں میں نرمی کردی

Published On 27 June,2021 10:47 pm

کراچی: (دنیا نیوز) محکمہ داخلہ سندھ نے کورونا کے تحت لگائی گئی پابندیوں میں نرمی کردی، صوبے بھر میں تقریباً دو ماہ بعد آج سے مزارات سمیت انڈور سرگرمیوں کی اجازت دے دی گئی ہے۔

تفصیل کے مطابق سندھ حکومت نے کورونا کیسز میں کمی کے بعد صوبے بھر میں پابندیوں نرمی کر دی ہے۔ اب سندھ حکومت نے عیدالفطر سے قبل مئی کے آغاز میں انڈور سرگرمیوں پر عائد پابندیاں اٹھا لی ہے۔

آج سے مزارات، انڈور جمز، سوئمنگ پولز اور امیزمنٹ پارکس کھولے جا سکتے ہیں۔ سندھ حکومت نے ہوم ڈیلوری سروس 24 گھنٹے کھولنے کی اجازت بھی دے دی ہے۔ اس سلسلے میں محکمہ داخلہ سندھ نے نیا حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔

محکمہ داخلہ سندھ کا کہنا ہے کہ صوبے کے تمام مزارات پر زائرین کو دس منٹ تک رہنے کی اجازت ہوگی، زائرین اور عملے کو ماسک پہننا لازمی ہوگا جبکہ تمام داخلی راستوں پر سینیٹائزر دستیاب ہوں۔

محکمہ داخلہ سندھ نے انڈور جمز، سوئمنگ پولز اور امیزمنٹ پارکس انتظامیہ کو بھی احتیاطی تدابیر اپنانے کی سختی سے ہدایت کی ہے۔