کامیاب پاکستان پروگرام ملک میں خوشحالی لانے کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا: ترین

Published On 28 June,2021 09:23 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ وزیراعظم کا ویژن پاکستان کو فلاحی ریاست بنانا ہے، کامیاب پاکستان پروگرام ملک میں خوشحالی لانے کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا۔

وزیر خزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت کامیاب پاکستان پروگرام سے متعلق اجلاس ہوا۔ جس میں وفاقی وزراء، معاونین اور مشیروں سمیت اعلی حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے شرکاء نے وزیر خزانہ کو اپنے مکمل تعاون اور شرکت کی یقین دہانی کرائی۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ وزیراعظم کے ویژن کے تحت مستحق افراد کی نقد رقم کی منتقلی کے پروگرام سے مدد کی جارہی ہے، عمران خان نئے پلیٹ فارم کے ذریعے نوجوانوں کے لئے بہت سارے مواقع چاہتے ہیں۔ اس مقصد کے حصول کے لئے کامیاب پاکستان پروگرام شروع کیا جارہا ہے، پروگرام کے تحت کاروباریوں، کسانوں اور تکنیکی تربیت کے لئے چھوٹے قرضے دیئے جائیں گے۔

شوکت ترین نے کہا کہ بینکوں اور غیر سرکاری تنظیموں سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کو اس پر کمر کسنے کی ضرورت ہے، کامیاب پاکستان پروگرام کی چھتری تلے قومی تعمیراتی سرگرمی میں حصہ لینا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ کامیاب پاکستان پروگرام ملک میں خوشحالی لانے کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا، کاروباری افراد اور کاشتکار براہ راست اس سے فائدہ اٹھائیں گے۔
 

Advertisement