اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے ترکی کے شہر قونیا میں تیسرے مین جیٹ بیس کا دورہ کیا جہاں انہوں نے کثیر الملکی فضائی مشق “اناطولین ایگل-2021” کا معائنہ کیا۔
پاک فضائیہ کے ترجمان کے مطابق ایئر چیف کو فضائی مشق کے انعقاد کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ شرکا کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے ایئر چیف نے مشق میں شامل ایئرکریو کی آپریشنل تیاریوں اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔
انہوں نے حقیقی جنگی تناظر میں اثاثوں کی ہم آہنگی اور ان کے فضائی آپریشنز کے دوران موثر استعمال کے لئے تربیت کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ “اس طرز کی مشقیں دوست ممالک کی افواج کے مابین ہم آہنگی اور تعاون کے حصول میں بے حد مؤثر ثابت ہوتی ہیں۔”اناطولین ایگل مشترکہ فضائی مشقیں ترکی اور پاکستان میں ہر سال باری باری منعقد کی جاتی ہیں۔
اس مشق میں ترکی، آذربائیجان، پاکستان اور قطر کی فضائی افواج شرکت کر رہی ہیں۔ پاک فضائیہ کا دستہ جے ایف۔17 تھنڈر طیاروں پر مشتمل ہے جس میں پی اے ایف کی مختلف یونٹوں اور اسکواڈرنز کا تربیت یافتہ عملہ شریک ہے۔ مشق کا مقصد حصہ لینے والی فضائی افواج کے مابین باہمی آپریشنل استعداد کو فروغ دینا ہے۔