کراچی: (دنیا نیوز) سعودی عرب سے کراچی آنیوالے 19 مسافروں میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے قرنطینہ کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
محکمہ صحت سندھ کے مطابق مسافر سعودی ایئر لائن کی پرواز کے ذریعے ریاض سے کراچی پہنچے تھے۔ ریپڈ ٹیسٹ میں 19 مسافروں میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی، مسافروں کو قرنطینہ کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 24 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 22 ہزار 345 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 9 لاکھ 59 ہزار 685 ہوگئی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 277 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 3 لاکھ 46 ہزار 454، سندھ میں 3 لاکھ 38 ہزار 387، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 38 ہزار 179، بلوچستان میں 27 ہزار 242، گلگت بلتستان میں 6 ہزار 239، اسلام آباد میں 82 ہزار 779 جبکہ آزاد کشمیر میں 20 ہزار 405 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 46 لاکھ 37 ہزار 171 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 46 ہزار 941 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 9 لاکھ 5 ہزار 430 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ ایک ہزار 863 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 24 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 22 ہزار 345 ہوگئی۔ پنجاب میں 10 ہزار 761، سندھ میں 5 ہزار 478، خیبر پختونخوا میں 4 ہزار 324، اسلام آباد میں 779، بلوچستان میں 309، گلگت بلتستان میں 111 اور آزاد کشمیر میں 583 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔