انڈونیشیا: ڈیلٹا وائرس نے تباہی مچادی، لوگ طبی سہولیات ملنے کے انتظار میں ہی مرنے لگے

Published On 30 June,2021 10:36 pm

جکارتہ: (دنیا نیوز) کورونا وائرس کی سب سے زیادہ مہلک قسم ڈیلٹا وائرس نے انڈونیشیا میں تباہی مچادی ، لوگ طبی سہولیات ملنے کے انتظار میں ہی جان کی بازی ہارنے لگے، برازیل میں بچوں اور نومولود وں کی ہلاکت کی شرح میں خطرناک اضافہ ہوا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق کورونا کی نئی قسم نے دنیا کو پھر مشکل سے دوچار کردیا، ڈیلٹا وائرس کے باعث کئی ممالک میں کورونا کی نئی لہر آگئی۔

انڈونیشیا میں وائرس نے تباہی مچادی ، ملک بھر میں کئی ہسپتالوں میں جگہ ختم ہوگئی، برآمدے تک مریضوں سے بھر چکے ہیں۔ دارالحکومت جکارتہ کے 93 فیصد ہسپتالوں میں جگہ ختم ہوچکی ہے۔

بچے پہلے سے 3 گنا زیادہ کورونا سے متاثر ہورہے ہیں ، نومولود بچوں کی اموات کی شرح میں بھی اضافہ ہوگیا ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں 22 ہزار کے قریب نئے کیسز منظر عام پر آئے۔

برازیل میں کورونا وائرس کے باعث بچوں کی اموات میں حیرت انگیز اضافہ ہوا ہے، دیگر ممالک کی نسبت برازیل میں بچوں کی کورونا سے ہلاکت کی شرح د س گنا زیادہ ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک دس سال کی عمر سے کم 1 ہزار 122 بچوں کی کورونا سے ہلاکت ہوچکی ہے، ماہرین نے ان نمبرز کو حقیقت سے بہت کم قرار دیا ہے، بھارت کے ساتھ ویکسین ڈیل میں گھپلے کے بعد برازیل نئی دلی سے ویکسین کی خریداری معطل کرنے پر غور کررہا ہے۔

روس بھی کورونا کی تیسری لہر کی زد میں آگیا، ،ملک بھر میں ڈیڑھ لاکھ افراد ہسپتالوں میں داخل ہیں، صدر ولادیمیر پیوٹن کا کہنا ہے کہ وہ عوام کو زبردستی ویکسین نہیں لگائیں گے تاہم انہوں نے شہریوں سے جلد ازجلد ویکسین لگانے کی اپیل کی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس کی سب سے زیادہ مہلک قسم ڈیلٹا وائرس پچاسی سے زائد ممالک میں پھیل چکا ہے۔

Advertisement