لاہور: (دنیا نیوز) لاہور اور پنجاب کے بیشتر علاقوں، کے پی کے، کشمیر، گلگت بلتستان، بلوچستان کے بعض مقامات پر آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق رات سے طوفانی بارشوں کا امکان ہے۔ تین سے چار روز تک مطلع ابر آلود رہے گا۔
گزشتہ روزلاہور کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 50 فیصد کے قریب رہا۔
پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے لاہور سمیت صوبہ بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو جانی و مالی نقصان سے بچانے کیلئے احتیاطی تدابیر کیلئے اقدامات کرنے کی ہدایت کر دی۔
علاوہ ازیں لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کی جانب سے مون سون کے دوران بجلی کی فراہمی کیلئے خصوصی اقدامات ترتیب دے دیئے گئے ہیں تاکہ صارفین کو بجلی سے متعلق دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ خطہ پوٹھوہار،قصور، گوجرانوالہ، نارووال، سیالکوٹ، گجرات، منڈی بہاء الدین، فیصل آباد، اوکاڑہ، ساہیوال، سرگودھا، میانوالی، خوشاب، بھکر، لیہ، ڈی جی خان، ملتان، بہاولپور، بہاولنگر، اسلام آباد، خیبر پختونخوا، سندھ، بلوچستان، گلگت بلتستان اور کشمیر کے بعض مقامات پر آندھی، گرد آلود ہواﺅں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران اسلام آباد، پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا، شمال مشرقی بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواﺅں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔
ہفتہ کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت سبی، دادو 47، شہید بینظیر آباد، دالبندین 44 اور نوکنڈی میں 43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
ادھر فیڈرل فلڈ کمیشن کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق ملک کے تمام بڑے دریا معمول کے مطابق بہہ رہے ہیں، سیلاب کا کوئی خدشہ نہیں ہے۔