اسلام آباد: (دنیا نیوز) شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ آپ نیب چلا لیں یا حکومت چلا لیں، نیب کے ہوتے ہوئے ملک ترقی نہیں کرسکتا، ہزاروں ارب کے اسکینڈلز پر احتساب بیورہ خاموش بیٹھا ہے۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین نیب کو چاہیئے کہ جھوٹے کیس ختم کریں، میرے خلاف کیس یہ کہ ایل این جی کی ضرورت نہیں تھی، زبردستی پلانٹ لگایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی نااہلی سے 6 دن ایل این جی بند کرنا پڑی، اس کا ذمہ دار کون ہے، 6 دن ایل این جی بند کرنے سے پورا ملک بیٹھ گیا۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ مہنگائی ابھی اور بڑھے گی، بجٹ پاس ہوتے ہی بجلی کی قیمت میں 3 روپے اضافہ ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر انتخابات پر پوری دنیا کی نظریں ہیں، آزاد کشمیر کا الیکشن بھی چوری ہوا تو پاکستان کی دنیا میں کیا عزت رہ جائے گی، جو ووٹ کو عزت نہیں دے سکتا، ہم اس کی عزت نہیں کرتے، الیکشن چوری ہوں گے تو پاکستان آگے نہیں بڑھے گا۔