ناراض بلوچوں سےباقاعدہ مذاکرات پرکام شروع کردیا گیا،وفاقی وزیرفواد چودھری

Published On 06 July,2021 04:27 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے اعلان کے تحت ناراض بلوچوں سے باقاعدہ مذاکرات پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔

یہ بات انہوں نے وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ میں بتائی۔ فواد چودھری کا کہنا تھا کہ کابینہ نے لاہور بم دھماکے کا نیٹ ورک بے نقاب کرنے پر پولیس اور دیگر متعلقہ حکام کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ ہم بہت جلد اس دہشتگرد نیٹ ورک کے مزید ثبوت اور تانے بانے سامنے لائیں گے۔ بم دھماکے میں ملوث اہم ملزمان قانون کی گرفت میں آ چکے ہیں۔ کلبھوشن یادیو کے بعد بھارت کا سب سے بڑا نیٹ ورک ایکسپوز ہوا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہم اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دلوانا چاہتے ہیں، اس حوالے سے کابینہ کو گزشتہ اجلاسوں کی رپورٹ پیش کی گئی۔ شبلی فراز نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے حوالے سے کابینہ کو بریفنگ دی۔

یہ بھی پڑھیں: ناراض بلوچوں سے بات کرنے کا سوچ رہا ہوں، وزیراعظم عمران خان

خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ بلوچستان میں ناراض لوگوں سے بھی بات کرنے کا سوچ رہا ہوں۔ میری ترجیح الیکشن جیتنا نہیں عوامی خدمت ہے۔ سی پیک کا زیادہ فائدہ بلوچستان کو ہوگا۔ صوبے کو ریکارڈ ترقیاتی پیکیج دیا۔ گوادر خطے میں اقتصادی اور ترقیاتی سرگرمیوں کا محور بنے گا۔ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ون ونڈو آپریشن کے تحت سہولیات فراہم کرینگے۔

ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں سیاسی حل کی کوشش کر رہے ہیں۔ افغانستان میں بھارت سب سے بڑا ‘‘لوزر’’ہے۔ وہ اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کے باعث مشکل میں ہے جبکہ امریکا بھی کنفیوز ہے، اسے سمجھ نہیں آ رہی کیا کرنا ہے۔

وزیراعظم نے کہا تھا کہ افغانستان میں انتشار سے وسطی ایشیا سے تجارتی رابطے متاثر ہونگے۔ وزیر خارجہ کوشش کر رہے ہیں کہ تمام ہمسایہ ممالک اور طالبان سے بھی بات کریں اور کسی نہ کسی طرح مسئلہ کا سیاسی حل نکل آئے۔

انہوں نے سابق حکمرانوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ نواز شریف نے لندن کے 24، زرداری نے دبئی کے 51 دورے کئے مگر بلوچستان کا ایک بھی دورہ نہیں کیا۔ آصف زرداری اور نواز شریف کے مقاصد کچھ اور تھے، دونوں نے بلوچستان کی ترقی کا نہیں سوچا، یہ ان علاقوں میں جاتے تھے جہاں سے الیکشن جیتنا ہوتا تھا، اگر یہ ملک پر توجہ دیتے تو شاید اب بھی وزیراعظم ہوتے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو دورہ گوادر کے دوران مختلف ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح اور مفاہمت کی یادداشتوں کی تقریب، عمائدین، طلبہ سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔؂

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان میں بھارت کا دہشت گردی کا نیٹ ورک کافی حد تک توڑ دیا: فواد چودھری

اس سے قبل اپنے ایک ٹویٹ میں فواد چودھری نے کہا کہ بلوچستان میں بھارت کا دہشت گردی کا نیٹ ورک کافی حد تک توڑ دیا، اب قوم پرستوں کے ساتھ بات چیت کا ایجنڈا طے کیا جائیگا۔


وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان وزیراعظم عمران خان کے دل کے قریب ہے، بلوچستان میں وفاقی حکومت 731 ارب کے 131 منصوبے مکمل کرے گی جبکہ صوبائی حکومت نے رواں برس کے لئے 180 ارب روپے ترقیاتی منصوبوں کے لئے مختص کئے ہیں۔