کراچی: (دنیا نیوز) مفتی اعظم پاکستان تقی عثمانی پر حملے کی مبینہ کوشش پر پولیس نے دارلعلوم کراچی سے مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا۔ گورنر سندھ نے ایڈیشنل آئی جی کراچی کو تحقیقات کر کے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔
بتایا گیا ہے کہ مشتبہ شخص مسجد میں داخل ہوا اور مفتی تقی عثمانی سے علیحدہ بات کرنے کا کہا، مفتی اعظم پاکستان قریب آئے تو ملزم عاصم لئیق نے جیب سے چاکو نکال لیا جسے فوری طور پر گارڈز نے پکڑ لیا۔
ایس ایس پی کورنگی کا کہنا ہے مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔مفتی تقی عثمانی پر حملہ نہیں ہوا، ابتدائی بیان میں ملزم کا کہنا ہے کہ وہ
گھریلو پریشانیوں میں مبتلا ہے، مفتی صاحب سے مسائل کے حل کیلئےدعا کرانے آیا تھا۔ ملزم نے کہا کہ چاقو میں نے نہیں نکالا بلکہ دوران تلاشی
گارڈ نے برآمد کیا۔ ملزم سے پولیس اور رینجرز کے افسران کی جانب سےمزید تفتیش جاری ہے۔