مریم نے کبھی اپنے انکل مودی سے پوچھا کشمیریوں پر اتنے مظالم کیوں ڈھا رہے ہیں، فرخ حبیب

Published On 09 July,2021 06:25 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ مریم صفدر نے کبھی اپنے انکل مودی کو فون کرکے پوچھا کہ وہ نہتے کشمیریوں پر اتنے مظالم کیوں ڈھا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آزاد وجموں کشمیر الیکشن میں جو زبان استعمال ہورہی ہے اس کا فائدہ کشمیریوں کو نہیں، دشمن کو ضرور ہو رہا ہے۔ پرچی چیئرمین کرپشن کا دائرہ آزاد وجموں کشمیر تک بڑھانا چاہتے ہیں، کشمیری عوام محتاط رہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ الیکشن مہم سے پہلے مریم اور بلاول کب آزاد کشمیر گئے، یہ تو وہاں کے عوام بھی جانتے ہیں۔ ن لیگ نے 5 سال کشمیریوں کا استحصال کیا، الیکشن میں پی ٹی آئی کلین سویپ کرے گی ، گلگت بلتستان طرز کا ٹرانسفرمیشن پلان آزاد و جموں کشمیر کو بھی دیا جائے گا، عمران خان نے اقوام متحدہ، دورہ امریکہ کے دوران ٹرمپ سے ملاقات، او آئی سی سمیت ہر فورم پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا۔

فرخ حبیب کا پریس کانفرنس سے خطاب میں کہنا تھا کہ عمران خان نے دنیا میں کشمیر کاز کو زندہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت جب تک 5 اگست کے مقبوضہ کشمیر کے سٹیٹس کو واپس نہیں لیتا تب تک عمران خان نے کسی قسم کی بات نہ کرنے کا دو ٹوک فیصلہ کیا ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پرچی چیئرمین بلاول کا مسئلہ یہ ہے کہ وہ کشمیر تک کرپشن کا دائرہ، جعلی اکاؤنٹس کھولنا چاہتے ہیں،یہ بہروپے ہیں ان کے ہاتھ کرپشن سے رنگے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک جانب تمام کیسز میں این آر او مانگا جاتا ہے تو دوسری جانب جان کی ضمانت مانگی جارہی ہے، کیا لندن میں جان کی ضمانت ہے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ عمران خان حکومت کی کاوشوں کی بدولت ملک کی معیشت کو مضبوط،کسان خوشحال، مزدور کے لئے روزگار کے نئے مواقع، تعمیراتی صنعت چل رہی ہے، سٹاک ایکسچینج اوپر جارہی ہے،صرف شریف خاندان کی کرپشن کی گروتھ رکی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر میں کھڑے ہو کر بات کریں تو معلوم ہونا چاہیے مودی کس کے گھر آیا، آموں اور ساڑھیوں کے تحائف دیئے گئے،نواز شریف مودی کے حلف پر جا کر حریت راہنماؤں کی بجائے فنکارں اور جندال فیملی سے ملاقاتیں کرتے رہے، ہمیں کشمیر کاز پر سبق نہ پڑھائیں، جس حکومت کے دور میں فضل الرحمان کشمیر کمیٹی کے چیئرمین تھے اس میں سنجیدگی کا پتہ لگ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان امریکہ کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرسکتے ہیں اور کشمیر کا مسئلہ ہر سطح پر اجاگر کیا،یہ سب کشمیری عوام جانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی الیکشن مہم میں ن لیگ اور پیپلز پارٹی ایک دوسرے کو طعنے دے رہے ہیں، ن لیگی حکومت نے پانچ سال کشمیری عوام کا استحصال کیا ہے،کشمیری عوام الیکشن میں اس کا جواب ضرور دیں گے ۔

ایک سوال کے جواب میں وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور نے کشمیر سے گذرتے وقت ایک پل کی تعمیر کے لئے اپنے جیب سے پیسے دیئے،اس میں کیا بری بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کا سودا کرنے والا کوئی پیدا ہی نہیں ہوا، اس قسم کی باتیں چھوٹی اور گھٹیا سوچ ہے، مریم مودی کی بھتیجی بنی ہوئی ہے، کبھی اپنے انکل سے پوچھا کہ کیوں کشمیریوں پر مظالم ڈھا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کو آزاد وجموں کشمیر میں امیدوار ہی نہیں مل رہے، گلگت بلتستان میں اپنے دعوؤں کا 10فیصد بھی حاصل نہیں کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں بہت سے امیدوار ہوتے ہیں اور ٹکٹ ایک کو ملتا ہے، ناراض لوگوں کو ساتھ جوڑا جاتا ہے اور مہم کا حصہ بنایا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کا ٹرانسفرمیشن پلان، سکرو ائیر پورٹ او اپ گریڈ، بجلی کے منصوبے بنا رہے ہیں، تحریک انصاف کی آزاد کشمیر میں حکومت بنے گی تو وہاں بھی ٹرانسفرمیشن پلان لایا جائے گا۔
 

Advertisement