دوشنبہ: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی 3 روزہ سرکاری دورے پر تاجکستان پہنچ گئے، جہاں پر شنگھائی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل، ایس سی او کنٹیکٹ گروپ فار افغانستان کے اجلاسوں میں شرکت کریں گے۔
شاہ محمود قریشی کا دوشنبے ہوائی اڈے پر تاجکستان کے نائب وزیر خارجہ نے استقبال کیا۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبہ میں منعقد ہونے والی شنگھائی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔
وزیرخارجہ، شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کنٹکٹ گروپ برائے افغانستان کے اجلاس میں بھی شریک ہوں گے اور افغان امن عمل، تیزی سے بدلتی ہوئی خطے کی صورتحال اور علاقائی تعاون کے فروغ کے حوالے سے پاکستان کا نکتہ نظر پیش کریں گے۔ وزیرخارجہ شنگھائی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے موقع پر تاجکستان، کرغزستان، ازبکستان، افغانستان اور روس اور چین کے وزرائے خارجہ کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے۔ جن میں دو طرفہ تعلقات، علاقائی روابط کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ شاہ محمود قریشی تاجک صدر امام علی رحمان سے بھی ملاقات کریں گے۔