کوٹلی، آزاد کشمیر: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کی نائب صدر اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کا کہنا ہے کہ کشمیر کو بھارت کی جھولی میں پھینک کر آنے کے بعد وزیراعظم عمران خان آزاد کشمیر میں ووٹ مانگنے آ رہا ہے۔
آزاد کشمیر کے شہر کوٹلی میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ آج شہیدوں کا دن ہے تو آؤ، آج سب مل کر شہدا کو دل کی گہرائیوں سے سلام پیش کریں۔ وعدہ کریں کہ شہدا کی قربانیوں کو کسی عمران خان کشمیر فروش کے ہاتھوں ضائع ہونے نہیں دیں گے۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمیر کا مقدمہ کمزور نہیں ہے، کمزور ہے تو پاکستان کا جعلی وکیل جس کا نام عمران خان ہے۔ پاکستان میں چوری کے ووٹوں سے بننے والا جعلی وزیراعظم عمران خان مقبوضہ کشمیر کو مودی کی جھولی میں پھینک آیا ہے۔ ڈھٹائی دیکھو کشمیر کو بھارت کی جھولی میں پھینک کر آنے کے بعد کشمیر میں ووٹ مانگنے آ رہا ہے۔
ن لیگی نائب صدر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کو مقدمہ کمزور نہیں ہے، کمزور ہے تو پاکستان کا جعلی وکیل ہے، جس کا نام عمران خان ہے، ہر جگہ ایک ہی نعرہ سننے کو ملتا ہے، گوعمران گو، عمران خان کو کشمری کی دھرتی پر پاؤں رکھنے سے پہلے کہہ رہے ہیں گو عمران گو۔