آزاد کشمیر الیکشن مہم، وزیراعظم عمران خان کے جلسوں کا شیڈول طے

Published On 12 July,2021 05:13 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) آزاد کشمیر الیکشن مہم کیلئے وزیراعظم عمران خان کے جلسوں کا شیڈول طے کر لیا گیا ہے۔ وہ 17، 18 اور 19 جولائی کو جلسوں سے خطاب کرینگے۔

یہ فیصلہ وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت آزاد کشمیر انتخابات سے متعلق مشاورتی اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں وفاقی وزرا، پی ٹی آئی کے سینئر رہنماؤں نے شرکت کی۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وزیر داخلہ شیخ رشید نے بتایا کہ وزیراعظم نے آزاد کشمیر میں شفاف اور منصفانہ انتخابات کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ تحریک انصاف غیر جانبدار اور منصفانہ الیکشن کی ضامن ہے۔

وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ ہم کشمیر میں ثابت کریں گے کہ تاریخ میں پہلی بار منصفانہ الیکشن ہونگے۔

انہوں نے بتایا کہ آزاد کشمیر میں وزیراعظم نے تین جلسے کرنے ہیں لیکن میں نے درخواست کی ہے کہ پانچ جلسے کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ جنھیں شکست کا خوف ہے وہ شور مچا رہے ہیں، جس نے ہارنا ہے اس نے الزام لگانا ہے، انہوں نے سیاپا ہی کرنا ہے۔ اپوزیشن کو انتخابی اصلاحات کی دعوت دیتے ہیں لیکن وہ نہیں آتے

شیخ رشید نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان رواں ماہ کی 17 18 اور 19 تاریخ کو آزاد کشمیر میں جلسے کریں گے۔
 

Advertisement