اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان سے آئی جی اسلام آباد قاضی جمیل الرحمان نے ملاقات کی جس میں گولڑہ میں جوڑے کو تشدد کا نشانہ بنانے کے کیس پر تفصیلی بریفنگ دی۔
وزیراعظم نے آئی جی اسلام آباد کو ہدایت کی کہ کیس میں ہر پہلو سے تفتیش کو آگے بڑھایا جائے، ملاقت کے دوران تفتیش میں اب تک کی پیشرفت پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔
قبل ازیں عدالت نے اسلام آباد میں لڑکے اور لڑکی کی قابل اعتراض ویڈیو بنانے، زیادتی کرنے والے ملزمان کا 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔پولیس نے متاثرہ لڑکی اور لڑکے کا بیان بھی ریکارڈ کر لیا ہے، ایس ایس پی انویسٹی گیشن عطا الرحمان اور اے ایس پی آمنہ بیگ بیان ریکارڈ کرنے جوڑے کے گھر گئے اور متاثرہ خاندان کیساتھ اظہار ہمدردی بھی کیا۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے بتایا کہ نوجوان اسد اور متاثرہ لڑکی نے آپس میں شادی کر لی ہے۔