خیبرپختونخوا میں بس حادثہ،چینی باشندوں سمیت 12 جاں بحق، دفتر خارجہ کی تصدیق

Published On 14 July,2021 04:29 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آج صبح صوبہ خیبرپختونخوا میں چینی ورکرز کو لے جانے والی بس کو افسوسناک حادثہ پیش آیا۔ بس گھاٹی میں گرنے سے تکنیکی خرابی پیدا ہوئی اور گیس لیکج کی وجہ سے دھماکا ہوگیا۔ اس حادثے کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

دفتر خارجہ کی جانب سے بیان میں اس حادثے کی ابتدائی رپورٹ بارے بتاتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس افسوسناک حادثے میں 9 چینی باشندے اور تین پاکستانی اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والی بس چینی اور پاکستانی ورکرز کو لے کر ایک زیر تعمیر پراجیکٹ پر جا رہی تھی۔

وزارت خارجہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ بس کو حادثہ پیش آتے ہی مقامی حکام موقع پر پہنچے اور زخمیوں کو تمام ممکنہ امداد فراہم کی۔ پاکستانی وزارت خارجہ اس معاملے میں چینی سفارتخانے کیساتھ مکمل رابطے میں ہے۔

پاکستانی وزارت خارجہ نے کہا کہ حکومت اور عوام کی جانب سے اس حادثے میں چینی باشندوں اور پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے پر دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں، دعا ہے کہ اس حادثے میں زخمی افراد جلد از جلد صحتیاب ہوں۔

دفتر خارجہ کی جانب سے پاک چین دوستی کی عظمت بیان کرتے ہوئے کہا گیا کہ پاکستان اور چین دیرینہ دوست اور ایک دوسرے کے آہنی بھائی ہیں۔ پاکستان کیلئے اپنے دوست ملک چین کے باشندوں کی حفاظت اور ان کی سیکیورٹی بہت اہمیت کی حامل ہے۔

 

Advertisement