سید ذوالفقار بخاری کے دورہ اسرائیل کی خبریں، دفتر خارجہ کی سختی سے تردید

Published On 28 June,2021 10:53 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) دفتر خارجہ نے وزیراعظم کے سابق معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز سید ذوالفقار بخاری کے دورہ اسرائیل کے حوالے سے خبروں کی سختی سے تردید کر دی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ایسی تمام رپورٹس بے بنیاد ہیں۔ سید ذوالفقار بخاری کی جانب سے اسرائیل کا کوئی دورہ نہیں کیا گیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اس سے قبل بھی 18 دسمبر 2020ء میں ایسی ہی جھوٹی اور من گھڑت خبریں پھیلائی گئی تھیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے اسرائیل کے بارے میں پاکستان کا دوٹوک موقف دہراتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے اصولوں پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ غیر ملکی نیٹ ورک سے افواہ اڑائی جاتی ہے، پاکستان کے سوشل میڈیا ہر موجود ایک مخصوص گروپ اس افوہ پر تبصرے کرتا ہے اور پھر پیپلز پارٹی اور نون کا کوئی رہنما اس افوہ کو میڈیا پر عین عبادت سمجھ کر بول دیتا ہے اور یوں ایک افواہ کو مین سٹریم کیا جاتا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ اس سے مضحکہ خیز گفتگو کیا ہوگی کہ زلفی بخاری نے فوج کے نمائمدے کی حیثیت سے اسرائیل کا دورہ کیا لیکن بلاول بھٹو اپنے دماغ کو تھوڑا سا بھی زحمت دینے کی بجائے طوطے کی طرح ایک احمقانہ افواہ پر تبصرے کرنا شروع ہو گئے، غیر سنجیدہ سیاسی قیادت پاکستان کیلئے بڑا چیلنج ہے۔
 

 

Advertisement