اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے سعودی عرب کے جنوبی علاقے میں حوثی باغیوں کی جانب سے حالیہ حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اتحادی فوج کی جانب سے حملے کو روکنا اور دھماکا خیز مواد سے لیس ڈرونز کی تباہی قابل تعریف ہے۔
پیر کو ترجمان دفتر خارجہ نے حوثی باغیوں کی جانب سے حملے کے مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان حملوں سے سعودی مملکت کی علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی کے علاوہ بے گناہ لوگوں کی جان کو بھی خطرہ ہے۔
پاکستان نے ایسے حملوں کو فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان سلامتی اور علاقائی سالمیت کو لاحق خطرات کے خلاف برادر مملکت سعودی عرب کے ساتھ اپنی مکمل حمایت اور یکجہتی کا اعادہ کرتا ہے۔