افغان نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر کی بے بنیاد بیان بازی، پاکستان کا شدید ردعمل اور مذمت

Published On 18 June,2021 06:34 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے افغان مشیر برائے قومی سلامتی حمد اللہ محب کے بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے انھیں بے بنیاد قرار دیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ ایسے بیانات سے گریز کیا جائے جس سے تعلقات متاثر ہو سکتے ہوں۔

ترجمان دفتر خارجہ کے شدید ردعمل میں کہا گیا ہے کہ حمداللہ محب کے بے بنیاد بیان کی سختی سے مذمت کرتے ہیں۔ ان کی جانب سے افغانستان کے اندرونی امور میں پاکستان کی مداخلت کا غلط الزام لگایا گیا۔

زاہد حفیظ چودھری نے کہا کہ افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار کو دنیا نے تسلیم کیا لیکن افغان مشیر قومی سلامتی کی جانب سے بار بار الزام تراشی قابل تشویش ہے، وہ امن عمل کو جان بوجھ کر نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم افغان مشیر کو پاک افغان ایکشن پلان برائے امن ویکجہتی میں ہوئی باہمی مفاہمت بھی یاد دلانا چاہتے ہیں۔ دونوں اطراف کو الزام تراشی کے بیانات سے گریز کرنا چاہیے۔

ترجمان نے کہا کہ دونوں ممالک کو باہمی تعلقات پر غور کے لیے سرکاری سطح پر بات کرنا چاہیے، ایسے بیانات سے گریز کیا جائے جس سے تعلقات متاثر ہو سکتے ہوں۔
 

Advertisement