عالمی برادری افغانستان میں قیام امن کیلئے اپنا کردار ادا کرے، وزیر خارجہ

Published On 23 June,2021 09:20 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے برطانیہ اور عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ افغانستان میں قیام امن میں اپنا کردار ادا کریں۔

جنوبی ایشیا اور دولت مشترکہ کے وزیر مملکت لارڈ طارق احمد سے بدھ کے روز اسلام آباد میں باتیں کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افغانستان سے غیرملکی افواج کے انخلاء کے باعث وہاں کے حالات انتہائی نازک مرحلے میں داخل ہو گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں قیام امن کو معیشت اور علاقائی استحکام کیلئے ضروری سمجھتا ہے اور خطے اور افغانستان میں امن کی کوششوں کو جاری رکھنے کے لئے پرعزم ہے۔

ملاقات میں کورونا کی صورتحال، پاکستان اور برطانیہ کے درمیان مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات اور تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان کو دنیا میں اسلام مخالف سوچ کے بڑھتے ہوئے رجحان پر شدید تشویش ہے اور عالمی برادری کو اس برائی کا مل کر مقابلہ کرنا چاہئے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ باہمی دلچسپی کے کثیرجہتی شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ کا خواہاں ہے۔

وزیر خارجہ نے برطانوی وزیر کو پانچ اگست 2019ء کو یکطرفہ بھارتی اقدامات کے بعد بھارت کے زیرقبضہ جموں و کشمیر کی صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا۔

دورے پر آئے ہوئے برطانوی وزیر نے برطانیہ میں پاکستانی برادری کے کردار کو سراہا اور خطے میں امن کے قیام میں پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔ برطانوی ہائی کمشنر کرسچین ٹرنر بھی اس ملاقات میں شریک تھے۔

 

Advertisement