اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے بھارتی وزیر مملکت برائے امور داخلہ کشن ریڈی کی طرف سے بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں مبینہ ڈرون حملے سے متعلق غیر ذمہ دارانہ اور گمراہ کن بیان کو دو ٹوک انداز میں مسترد کر دیا ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چودھری نے ایک بیان میں کہا کہ بھارتی حکومت نے کوئی بھی ثبوت پیش نہ کرتے ہوئے جان بوجھ کر ایک مرتبہ پھر پاکستان پر سخت الزامات عائد کئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کے خلاف غیر مصدقہ اور گمراہ کن مہم کا ایک اور مظاہرہ ہے جو بھارتی حکومت اور بھارتی ذرائع ابلاغ کا خاصہ بن چکا ہے۔