اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری نے روس کے صدر ولادیمیر پوتن کے دورہ پاکستان سے متعلق میڈیا رپورٹس پر ردعمل اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور روس قریبی شراکت دار اور دوست ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ دونوں ملکوں کی جانب سے سربراہان کی سطح پر ایک دوسرے کو دعوت نامے دئے گئے ہیں تاہم روسی صدر کے دورہ پاکستان کے حوالے سے تاحال کوئی شیڈول نہیں ہے۔
میڈیا کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور روس قریبی شراکت دار اور دوست ہیں۔ دونوں ممالک اس طرح کے مستحکم کثیر الجہتی تعلقات کیلئے پر عزم ہیں جو ناصرف دونوں ملکوں کے قومی بلکہ عالمی امن وسلامتی کیساتھ ساتھ خطے کے بہتر مفاد میں بھی ہوں۔ ترجمان نے کہا کہ اعلی سطح پر دوروں کا تبادلہ بڑھتے ہوئے پاک روس تعلقات کا اہم حصہ ہے۔
رواں سال اپریل میں روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاووروف نے اسلام آباد کا کامیاب دورہ کیا تھا جبکہ گزشتہ سال پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیر دفاع پرویز خٹک نے رشین فیڈریشن کے دورے کئے تھے۔
ترجمان نے کہا کہ اگرچہ دونوں ملکوں کی جانب سے سربراہان کی سطح پر ایک دوسرے کو دعوت نامے دئے گئے ہیں تاہم روسی سربراہ کا دورہ پاکستان کا تاحال کوئی شیڈول نہیں ہے۔