اسلام آباد: (ویب ڈیسک) دفتر خارجہ نے انڈین ہائی کمیشن کے اوپر ڈرون کی پرواز کے حوالے سے خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔
ترجمان وزارت خارجہ زاہد حفیظ چودھری کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت کی جانب سے ہائی کمیشن کے اوپر ڈرون کی پرواز بارے کئے جانے والے دعوؤں کا ابھی تک کوئی ثبوت بھی شیئر نہیں کیا گیا کیونکہ ایسا کوئی واقعہ درحقیقت ہوا ہی نہیں ہے۔
ترجمان نے کہا کہ انڈین میڈیا کے کچھ حصوں میں بھارتی وزارت خارجہ کی رپورٹس اور بیانات کو دیکھا ہے جن میں یہ الزامات عائد کئے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان بے بنیاد الزامات کی کوئی حقیقت نہیں اور ان الزامات کو ثابت کرنے کے لیے پاکستان کے ساتھ کوئی ثبوت شیئر نہیں کیے گئے۔
زاہد حفیظ چودھری نے کہا کہ حیرت کی بات یہ ہے کہ ہندوستان کی جانب سے یہ پروپیگنڈا اسی وقت ہو رہا ہے جب 23 جون کے لاہور دھماکے میں اب تک جمع کیے گئے شواہد تیزی سے بیرونی قوتوں کی طرف اشارہ کر رہے ہیں جن کی پاکستان کے خلاف ریاستی سرپرستی میں جاری دہشت گردی کی باقاعدہ تاریخ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ان توجہ ہٹانے والے انڈین حربوں اور جھوٹے الزامات کو مسترد کرتا ہے۔ پاکستان اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنے حق خود ارادیت کے حق میں جدوجہد کرنیوالے کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔