دوشنبے: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی دوشنبے میں اپنے روسی ہم منصب سرگئی لاروف کیساتھ اہم ملاقات ہوئی جس میں خطے کی سیکیورٹی خصوصاً افغانستان میں تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
خیال رہے کہ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی ان دنوں شنگھائی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں شرکت کیلئے تاجکستان میں موجود ہیں۔
روسی وزیر خارجہ سرگئی لیوروف کے ساتھ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان، روس کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ پاکستان، روس کے ساتھ طویل المدتی اور کثیر الجہتی شراکت داری کا خواہاں ہے۔
دونوں وزرائے خارجہ کے مابین افغانستان کی تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ وزیر خارجہ شاہ محمود کا کہنا تھا کہ پاکستان، افغانوں کو قبول افغان امن عمل کی حمایت جاری رکھنے کیلئے پرعزم ہے۔
دونوں وزرائے خارجہ نے دو طرفہ تعلقات کے فروغ کیلئے مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔