کراچی: سابق صدر ممنون حسین کو سپرد خاک کر دیا گیا

Published On 15 July,2021 07:10 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سابق صدر مملکت ممنون حسین کو کراچی میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق سابق صدر ممنون حسین علالت کے باعث گزشتہ روز کراچی کے نجی ہسپتال میں انتقال کرگئے تھے، وہ سرطان کے عارضے میں مبتلا تھے۔

سابق صدر ممنون حسین کی نماز جنازہ ڈیفنس میں واقع مسجد سلطان میں ادا کی گئی، ان کی نماز جنازہ مفتی تقی عثمانی نے پڑھائی، نماز جنازہ میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال سابق گورنر سندھ محمد زبیر ، پیپلز پارٹی کے وقار مہدی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نےشرکت کی۔

یاد رہے کہ ممنون حسین کا شمار مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنماوں میں ہوتا تھا، وہ 1999 میں سندھ کے گورنر رہے جب کہ 2013 سے 2018 تک صدر مملکت رہے۔

یہ بھی پڑھیں: سابق صدر ممنون حسین انتقال کر گئے، آرمی چیف، علوی سمیت دیگر کا اظہار افسوس

ممنون حسین 23 دسمبر 1940 کو بھارت کے شہر آگرہ میں پیدا ہوئے ،ان کا خاندان 1947 میں ہجرت کر کے پاکستان آیا، ممنون حسین نے جامعہ کراچی سے گریجویشن اور انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن سے ماسٹرز کیا، 60 کی دہائی میں کراچی میں کاروبار کا آغاز کیا اور بعد میں سیاست میں آگئے۔

ممنون حسین کی عمر 81 برس تھی اور انہوں نے سوگواروں میں بیوہ اور تین بیٹے چھوڑے ہیں۔