کرغزستان کے ساتھ قریبی برادرانہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتے ہیں، صدر مملکت

Published On 15 July,2021 09:51 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان کرغزستان کیساتھ قریبی برادرانہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ دونوں ممالک کے مابین تجارتی تعاون کو مزید وسعت اور دوطرفہ روابط کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

وہ جمعرات کو پاکستان میں کرغزستان کے سبکدوش ہونے والے سفیر ایرک بیشم بیاو سے بات چیت کر رہے تھے جنہوں نے یہاں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ صدر مملکت نے پاکستان اور کرغزستان کے قریبی برادرانہ تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے دونوں ممالک کے مابین تجارتی تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی اور پارلیمانی تبادلوں میں اضافے کی ضرورت ہے، دوطرفہ تعاون کے فروغ کیلئے ثقافتی روابط کو بڑھانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کاسا-1000 منصوبے کی تکمیل کیلئے پرعزم ہے۔ صدر مملکت نے دونوں ممالک میں تعلقات کے فروغ کیلئے کرغز سفیر کی خدمات کو سراہا۔