ڈی جی خان: (دنیا نیوز) تونسہ بائی پاس کےقریب بس اورٹریلرمیں تصادم کے نتیجے میں 27 افراد جاں بحق اور 30 سے زائد زخمی ہو گئے، زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
بتایا گیا ہے بس سیالکوٹ سےراجن پورجارہی تھی کہ تونسہ بائی پاس کے قریب حادثہ پیش آ گیا۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈیرہ غازی خان منتقل کر دیا۔ بس میں 75 کے قریب مسافر سوار تھے، پولیس نے حادثے کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق بیشتر زخمیوں کی حالت نازک ہے جس کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے، مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ زیادہ تر مسافر مزدور پیشہ تھے اور عید گزارنے آبائی علاقوں میں جا رہے تھے۔
وزیراعلی عثمان بزدار نے حادثے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا اور حکام کو زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کے احکامات جاری کئے۔