گلگت بلتستان کےحقیقی پوٹینشل کو سامنے لائیں گے، چیئرمین سی پیک اتھارٹی

Published On 22 July,2021 06:44 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی ہدایت پر گلگت بلتستان کے حقیقی پوٹینشل کو سامنے لائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو وزیراعلیٰ گلگت بلتستان سے ملاقات کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ توانائی، زراعت، ماہی گیری سمیت انفراسٹرکچر منصوبوں کی نشاندہی کی گئی۔

چیئرمین سی پیک نے کہا کہ شاہراہوں اور ائیرپورٹس کے منصوبوں سمیت سیاحت کے فروغ کے امور پر بھی بات ہوئی، سی پیک کے تحت ان شعبوں کو فروغ دے کر رابطے بڑھائے جائیں گے۔

دوسری جانب ایک ٹویٹ میں لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ درہ خنجراب کے قریبی علاقوں میں سی پیک کے تحت مویشیوں اور ماہی گیری کے شعبوں کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ متعلقہ شعبوں سے مستفید ہونے کی راہ میں آنے والے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے کام جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ علاقے کے دورے کے دوران انہوں نے مقامی کاشتکاروں سے ملاقات کی اور اُن سے فصلوں اور پیداوار سے متعلق بات چیت کی۔
 

Advertisement