نورمقدم قتل کی تفتیش میرٹ پرہوگی،کیس منطقی انجام تک پہنچائیں گے: شہباز گل

Published On 23 July,2021 06:12 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ نور مقدم قتل کیس کی تفتیش میرٹ پر ہوگی۔ کیس کو منطقی انجام تک پہنچا کر انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقتولہ نور مقدم کے والد سابق سفیر شوکت علی اور ان کی والدہ سے اظہار تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ سابق سفیر شوکت علی نے ملک کی طویل عرصہ خدمت کی، ان کی بیٹی کے قتل پر پوری قوم دکھی اور غمگین ہے۔ وزیراعظم عمران خان ذاتی طور پر اس قتل پر افسردہ ہیں، انہوں نے اس معاملے پر آئی جی اسلام آباد سے بھی بات کی ہے، وہ ذاتی طور پر اس کیس کی نگرانی کر رہے ہیں۔ اس مقدمے میں تمام قانونی تقاضے پورے کئے جائیں گے اور قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ہم چند دنوں میں ایسے واقعات کو بھول جاتے ہیں لیکن ہمیں صرف جذباتی ردعمل کی بجائے سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہیے، حقیقی انصاف ہونا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت، میڈیا، عدلیہ اور سماج کا اس تناظر میں اہم کردار ہے۔ میڈیا کو اس معاملے پر اپنا کردار ادا کرنا چاہیے تاکہ مقتولہ کے والدین کو انصاف کے حصول میں کوئی مشکل پیش نہ آئے، حکومت بھی ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ پولیس میرٹ پر اس معاملےکی تفتیش کرے گی، اس کیس کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا اور انصاف ہو گا۔ اس مقدمہ میں کسی کا اثرورسوخ استعمال نہیں ہوگا۔

ڈاکٹر شہباز گل کا کہنا تھا کہ فرانزک ٹیسٹ کا عمل جاری ہے، ملزم کا نام ای سی ایل میں ڈالنے سمیت دیگر اقدامات پر غور کیا جا رہا ہے۔ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد اور وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری بھی ذاتی طور پر اس معاملے پر آئی جی اسلام آباد سے رابطے میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مقدمے کے تمام پہلو سامنے لانے سے تفتیشی عمل متاثر ہو سکتا ہے۔ پولیس تفتیش مکمل کرکے حقائق سامنے لائے گی۔ آئی جی اسلام آباد ذاتی طور پر اس مقدمے کو دیکھ رہے ہیں، یہ ٹیسٹ کیس ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مقتولہ کے والد اور والدہ انتہائی غمزدہ ہیں اور ہم ان کے اس دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ قبل ازیں انہوں نے مقتولہ کے اہلخانہ سے تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔