کراچی: (دنیا نیوز) محکمہ صحت سندھ نے صوبے میں مون سون بارشوں کی پیشگوئی کے پیش نظر ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی، طبی عملے کی چھٹیاں 4 دن کے لئے منسوخ کر دیں۔
محکمہ صحت سندھ نے صوبے بھر کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی کی صورتحال سے نمٹنے کے لئے انتظامیہ کو انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت دے دی، ہسپتال سربراہان کو احکامات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ 23 سے 26 جولائی تک سندھ کے مختلف اضلاع میں مون سون بارشوں کا آغاز ہوگا، کسی بھی ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ہسپتالوں میں انتظامات مکمل کئے جائیں، ہسپتالوں سمیت تمام طبی مراکز میں 24 گھنٹے ایمرجنسی نافذ کردی جائے۔
محکمہ صحت کی جانب سے جاری احکامات کے تحت میڈیکل و پیرا میڈیکل اسٹاف کی چھٹیاں منسوخ کر دی جائیں، ضرورت کے تحت طبی عملے کی تعداد میں اضافہ کیا جائے، ضروری ادویات کی دستیابی یقینی بنائی جائے، مریضوں کی منتقلی کے لئے ایمبولینس کی موجودگی بھی یقینی بنائی جائے جبکہ روزانہ کی بنیاد پر شام چار بجے تک ہسپتال کی رپورٹ حکام محکمہ صحت کو جمع کرانے کی بھی ہدایت دے دی۔