افغانستان میں بڑھتی ہوئی کشیدگی، سندھ میں سیکیورٹی سخت کرنے کا فیصلہ

Published On 29 July,2021 05:24 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ حکومت نے افغانستان میں بڑھتی ہوئی کشیدہ صورتحال کے پیش نظر صوبے بھر میں سیکیورٹی سخت کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ اہم فیصلہ وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ کے زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے وفاقی حکومت سے غیر قانونی امیگرنٹس کا مسئلہ حل کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔

اپیکس کمیٹی اجلاس میں کور کمانڈر کراچی، صوبائی وزرا اور ڈی جی رینجرز سمیت دیگر حکام شریک ہوئے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے آئی جی سندھ کو سٹریٹ کرمنلز کیخلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس پر ہر صورت قابو پایا جائے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ کراچی میں سٹریٹ کرمنلز کے 189 پولیس مقابلوں میں 25 ملزمان ہلاک ہوئے۔ ہائیکورٹ میں سٹریٹ کرائم کے الگ ٹرائل کیلئے جج کی تقرری کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ چوری کے موبائل فون خریدنے والوں کیخلاف بھی کارروائی کی جائے۔ اجلاس میں غیر رجسٹرڈ یا اے ایف آر والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ غیر رجسٹرڈ گاڑیوں پر مسلح گارڈز بیٹھے نظر آتے ہیں، ایسی گاڑیوں کو بند کیا جائے۔

اپیکس کمیٹی کو بتایا گیا کہ سیف سٹی پراجیکٹ کے تحت شہر میں 10 ہزار سی سی ٹی وی سرویلینس سسٹم لگانے کا پلان ہے۔ اڑتیس ارب کے پراجیکٹ کیلئے اس سال 6.9 ارب
روپے مختص کیے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے پراجیکٹ کی لاگت پر نظر ثانی کیلئے کمیٹی
قائم کر دی جو 6 ہفتوں میں رپورٹ دے گی۔

اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ کچے کے علاقوں میں قانون شکن عناصر کے گروپس ختم کیے جا رہے ہیں۔ کچے کے علاقے میں روڈ نیٹ ورک قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ آئی جی سندھ نے کراچی کے 11 مقامات پر احتجاج اور ریلیوں پر پابندی لگانے کی تجویز دی جسے منظور کر لیا گیا۔