نواز شریف کا ویزا ایکسپائر ہوا جس کی توسیع کیلئے درخواست دی گئی: مریم اورنگزیب

Published On 06 August,2021 09:44 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نواز شریف کا ویزا ایکسپائر ہوا جس کی توسیع کیلئے درخواست دی گئی، ویزے کی میعاد پر توسیع کی درخواست دینا نارمل عمل ہے۔

ترجمان پاکستان مسلم لیگ نون مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نے طبی بنیاد پر درخواست دی تھی، ہوم ڈیپارٹمنٹ نے درخواست پر کہا کہ آپ کے پاس اپیل کا حق ہے، ٹربیونل کے فیصلے تک نواز شریف کا لندن میں قیام قانونی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف بیٹی کا ہاتھ پکڑ کر وطن آئے، کہا جاتا ہے وہ بھاگ گئے، نواز شریف کو برطانیہ علاج کیلئے پنجاب اور وفاقی حکومت نے بھیجا۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ 3 سال میں احتساب کا بیانیہ دفن ہوچکا، کرائے کے ترجمان آٹا، بجلی سستی کرنے کی کوئی پریس کانفرنس نہیں کرسکتے، کرائے کے ترجمان اتنی وفاداریاں بدلتے ہیں کہ بیانات بدلتے شرم نہیں آتی، نیب نیازی گٹھ جوڑ نے مزید تفتیش کرنی تھی تو جیل میں کیوں نہیں کی ؟۔

لیگی رہنما نے کہا کہ نیب حراست میں ایسا کیا ہوا جس سے نواز شریف کی طبیعت خراب ہوئی ؟ نیب کی حراست میں ہی نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کم ہوئے، ان کو سروسز اسپتال میں داخل کیا گیا، میڈیکل بورڈ کی سفارش پر عدالت نے نواز شریف کو جانے کی اجازت دی، نواز شریف کو علاج کی غرض سے لندن کس نے بھیجا ؟۔