افغان معاملے پر حکومت کا فوکس غلط، سب کو ساتھ لے کر چلنا ہوگا: مشاہد حسین سید

Published On 09 August,2021 08:23 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ امریکا افغانستان سے شکست کھا کربھاگ گیا، افغانستان بارے فیصلے خطے میں ہونے ہیں، ہمیں خطے میں فوکس کرنا ہوگا، ہم امریکا جا کر بات چیت کر رہے ہیں۔

دنیا نیوز کے پروگرام ’’نقطہ نظر‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سینیٹ کی ڈیفنس کمیٹی کے چیئرمین مشاہد حسین سید نے کہا کہ بھارت سے کوئی خیر کی توقع نہیں رکھنی چاہیے۔ ہمیں رونے دھونے کے بجائے اپنی پالیسی کو درست کرنا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم چین اور روس کیساتھ لابنگ کرتے تو سیکیورٹی کونسل کا دعوت نامہ مل جاتا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستان کی پشتون لیڈرشپ کو کابل جبکہ ایک گروپ مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں دوحہ بھیجنا چاہیے، ان لوگوں کا بہت اثر ورسوخ ہے۔

انہوں نے مشورہ دیا کہ حکومت کو ہمت کرکے دل بڑا کرنا ہوگا، ورنہ پھنس جائیں گے، ہمیں سید حامد کرزئی کو بھی انگیج کرنا ہوگا۔ ہمارا فوکس یہ ہے امریکا ناراض اور فون نہیں کر رہا ہے، حکومت کا فوکس غلط ہے۔
 

Advertisement