اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسد عمر نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں گورننس کا نظام بہتر کرنے جا رہے ہیں، ماضی کا دہرا نظام ختم کر کے شہر اقتدار میں ون ریگولیٹر نظام لایا جا رہا ہے، 10 بلین ٹری منصوبہ عام سیاستدان شروع نہیں کرسکتا، اسلام آباد میں 2 لاکھ 75 ہزار پودے لگائیں گے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی و سربراہ این سی او سی (نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر) اسد عمر نے اسلام آباد میں میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں ایک نہیں دو اسلام آباد بنائے ہوئے تھے، ہاؤسنگ سوسائٹی کے معاملات بھی سی ڈی اے کے دائرہ اختیار میں کرنے جا رہے ہیں۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ غازی بروتھا کے تحت پانی کی بڑی اسکیم لا رہے ہیں، اسلام آباد میں 10 کروڑ گیلن پانی یومیہ پہنچانے کی سکیم لا رہے ہیں، اسلام آباد کے دیہی علاقوں کیلئے تاریخی کام ہوا، شہر اقتدار میں ایک سال میں 4 اسپتال بنانے جا رہے ہیں۔