آزاد کشمیر صدارتی انتخاب: پیپلزپارٹی اور ن لیگ کا مشترکہ امیدوار لانے کا فیصلہ

Published On 12 August,2021 03:25 pm

مظفر آباد: (دنیا نیوز) پاکستان میں شدید اختلافات کے باوجود آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن نے اتحاد کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی میاں عبدالوحید کو صدارتی امیدوار نامزد کر دیا۔

ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے صدارتی امیدوار بیرسٹر سلطان کے مقابلے میں مشترکہ امیدوار لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پیپلز پارٹی کے وادی نیلم سے رکن اسمبلی میاں عبدالوحید صدارتی امیدوار ہوں گے۔ مسلم لیگ ن اپنا امیدوار کھڑا کرنے کی بجائے پیپلزپارٹی کے امیدوار کو ووٹ دے گی۔

وزارت عظمی، سپیکر و ڈپٹی سپیکر کے انتخاب میں بھی پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے امیدوار مشترکہ تھے۔ آزاد کشمیر کے صدارتی الیکشن کیلئے کاغذات آج جمع ہوں گے جبکہ پولنگ 17 اگست کو ہوگی۔
 

Advertisement