اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان تمام ایسے فیصلے کریگا اور ان پالیسیوں پر کاربند رہے گا جس میں اس کا قومی مفاد ہے اور جن سے علاقے میں اور اس کے باہر امن و خوشحالی میں مدد مل سکتی ہے۔
اسلام آباد میں اپنی ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں ان کا کہنا تھا کہ ہم امریکہ کو اپنا دوست سمجھتے ہیں اور علاقے میں اور اس کے باہر امن و خوشحالی کے مشترکہ اہداف کے حصول کے لئے اس کے ساتھ وسیع البنیاد تعلقات کے خواہاں ہیں۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان قریبی تعاون پر مبنی تعلقات کی ایک تاریخ ہے، جس سے دونوں ملکوں کے باہمی مفادات کو فائدہ پہنچا۔ افغان امن عمل سمیت کئی بنیادی مسائل پر دونوں ملکوں کا نکتہ نظر اور مفادات ایک جیسے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ دونوں ملک اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ افغان تنازعہ کا کوئی فوجی حل نہیں اور دونوں ملک افغانستان میں امن چاہتے ہیں۔ پاکستان اور امریکہ افغانستان تنازعے کے ایسے وسیع البنیاد اور جامع سیاسی حل کی حمایت کرتے ہیں جو افغان قوم کے ذریعے اور اُن کی سربراہی میں ہو۔
انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان سودے بازی کے تعلقات کے بجائے طویل مدتی، وسیع البنیاد، جامع اور باہمی مفاد پر مبنی شراکت داری چاہتا ہے۔ پاکستان نے اس بات کا کئی مرتبہ اعادہ کیا ہے کہ ہمیں دوسرے ملک کے نکتہ نظر کے مطابق جانچا جائے نہ ہمارے تعلقات کا تنگ نظری سے جائزہ لیا جائے۔