مریم نواز شریف کا دوسرا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آگیا: خاندانی ذرائع

Published On 13 August,2021 06:42 pm

لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف کا دوسرا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آ گیا ہے۔ خاندانی ذرائع نے ان کی بیماری میں ابھی تک مبتلا ہونے کی تصدیق کی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مریم نواز کی علامات میں نمایاں کمی آئی تاہم کورونا وائرس ختم نہیں ہوا۔ ڈاکٹرز نے مریم نواز کو مزید احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

خیال رہے کہ مریم نواز شریف گزشتہ ماہ سے کورونا وائرس میں مبتلا ہیں۔ مریم نواز کے بیماری میں مبتلا ہونے کی سب سے پہلے اطلاع مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے دی تھی۔

انہوں نے اپنی ٹویٹ میں لکھا تھا کہ مریم نواز شریف کا کورونا ٹیسٹ پازیٹو آیا ہے جس کے بعد انھوں نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔ انہوں نے مریم نواز شریف سمیت تمام مریضوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی اپیل تھی۔

میاں شہباز شریف نے بھی مریم نواز کی بیماری کے حوالے سے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ بیٹی مریم نواز کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر افسوس ہے۔ اللہ تعالیٰ میری بیٹی سمیت تمام مریضوں کا صحت کاملہ عطا فرمائے اور سب کو اپنی حفاظت میں رکھے۔

خیال رہے ان دنوں پاکستان میں عالمی وبا کورونا وائرس کی چوتھی لہر جاری ہے۔ لاہور سمیت پورے ملک میں بھارتی ڈیلٹا قسم کے وائرس کے متعدد کیسز سامنے آ چکے ہیں۔ حکام کی جانب سے بار بار شہریوں سے اپیل کی جا رہی ہے کہ اس وبائی مرض کا خطرہ ابھی ٹلا نہیں ہے، ایس او پیز پر عمل کرکے ناصرف اپنی بلکہ دوسروں کی زندگی کو بھی محفوظ بنائیں۔
 

Advertisement