لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف کو عالمی وبا کورونا وائرس نے جکڑ لیا ہے۔ انہوں نے اپنا ٹیسٹ کروایا تھا جو مثبت آیا۔
اس بات کی اطلاع پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ سے دی۔
انہوں نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ مریم نواز شریف کا کورونا ٹیسٹ پازیٹو آیا ہے جس کے بعد انھوں نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔ مریم نواز شریف سمیت تمام مریضوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی اپیل ہے۔
خیال رہے ان دنوں پاکستان میں عالمی وبا کورونا وائرس کی چوتھی لہر جاری ہے۔ لاہور سمیت پورے ملک میں بھارتی ڈیلٹا قسم کے وائرس کے متعدد کیسز سامنے آ چکے ہیں۔ حکام کی جانب سے بار بار شہریوں سے اپیل کی جا رہی ہے کہ اس وبائی مرض کا خطرہ ابھی ٹلا نہیں ہے، ایس او پیز پر عمل کرکے ناصرف اپنی بلکہ دوسروں کی زندگی کو بھی محفوظ بنائیں۔
مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے مریم نواز کی بیماری کے حوالے سے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیٹی مریم نواز کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر افسوس ہے۔ اللہ تعالیٰ میری بیٹی سمیت تمام مریضوں کا صحت کاملہ عطا فرمائے اور سب کو اپنی حفاظت میں رکھے۔
گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے باعث سندھ کے بعد پنجاب میں سب سے زیادہ اموات ریکارڈ کی گئیں۔ ملک بھر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کووڈ۔ 19سے 44 اموات ہوئیں جن میں سے 20 اموات وینٹیلیٹرز پر موجود مریضوں کی تھیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی طرف سے جاری اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 4 ہزار 119 افراد کے کووڈ۔ 19 ٹیسٹ مثبت آئے۔ملک کے 4 بڑے شہروں میں وینٹیلیٹرز پر کووڈ۔ 19 کے مریضوں کے تناسب کے لحاظ سے کراچی میں 17 فیصد, پشاور میں 17 فیصد،لاہور 20 فیصد اور اسلام آباد میں 34 فیصد مریض ہیں۔اسی طرح سے ملک کے چار بڑے شہروں میں آکسیجن کی سہولیات والے بستروں پر کورونا کے مثبت کیسز کے تناسب کے لحاظ سے ایبٹ آباد میں 27 فیصد،کراچی میں 52 فیصد،اسلام آباد میں 29 فیصد اور گلگت میں 43 فیصد مریض ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کووڈ۔19 کے 52 ہزار 291 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے سندھ میں 18 ہزار 737، پنجاب میں 18 ہزار 29، خیبرپختونخوا میں 8 ہزار 600،اسلام آباد میں 3 ہزار 404، بلوچستان میں 1 ہزار 878،گلگت بلتستان میں 782, آزاد کشمیر میں 861 ٹیسٹ شامل ہیں۔ اب تک ملک بھر میں کووڈ۔19 سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 9 لاکھ 35 ہزار 742 ہو چکی ہے۔
بلوچستان میں کووڈ۔19 کا کوئی بھی مریض اس وقت وینٹیلیٹر پر نہیں ہے جبکہ ملک بھر میں کووڈ۔19 کے لیے مختص وینٹیلیٹرز پر 294 مریض ہیں۔ ملک بھر میں کووڈ۔19 کے ایکٹو کیسز کی تعداد 56 ہزار 952 ہے۔ ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 10 لاکھ 15 ہزار 827 ہے جن میں سے آزاد کشمیر میں 23 ہزار 370, بلوچستان میں 29 ہزار 861، گلگت بلتستان میں 7 ہزار 896, اسلام آباد میں 86 ہزار 226، خیبر پختونخوا میں 1 لاکھ 42 ہزار 400،پنجاب میں 3 لاکھ 54 ہزار 312 اور سندھ میں 3 لاکھ 71 ہزار 762 مریض ہیں۔ملک بھر میں کورونا وائرس سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 23 ہزار 133 ہو چکی ہے۔جن میں سے سندھ میں 5 ہزار 860 اموات جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 17 مریض ہسپتالوں جبکہ 3 مریض گھروں میں قرنطینہ کے دوران میں اس وائرس سے جاں بحق ہوئے۔
پنجاب میں 10 ہزار 978 اموات جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 10 مریض ہسپتالوں میں جبکہ 2 مریض گھروں میں قرنطینہ کے دوران اس وائرس سے جاں بحق ہوئے،خیبر پختونخوا میں 4 ہزار 428 اموات جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 5 مریض ہسپتالوں میں اس وائرس سے جاں بحق ہوئے،اسلام آباد میں کل 796 اموات، بلوچستان میں کل 326 اموات، گلگت بلتستان میں 127 اموات جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 3 مریض ہسپتالوں میں اس وائرس سے جاں بحق ہوئے، آزاد کشمیر میں اس وائرس سے 618 اموات ہو چکی ہیں جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 4 مریض ہسپتالوں میں اس وائرس سے جاں بحق ہوئے۔
اب تک ملک بھر میں کووڈ۔19 کے 1 کروڑ 58 لاکھ 18 ہزار 764 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ملک بھر میں کووڈ۔19 کے علاج کیلئے مختص 639 ہسپتالوں میں 3 ہزار 286 مریض زیر علاج ہیں۔