دھیر کوٹ: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں مسلم لیگ (ن) کی انتخابی مہم کے چرچے ہیں۔ آزاد کشمیر نے ہمارا ساتھ دے کر تاریخ رقم کی۔ 25 جولائی کو (ن) لیگ کی جیت ہوگی۔
آزاد کشمیر کے علاقے دھیر کوٹ میں انتخابی جلسے سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ خوشی ہے کہ نواز شریف کی قربانی ضائع نہیں گئی، جہاں جاتی ہوں صرف ایک آوازآتی ہے اور وہ ہے نواز شریف۔
ان کا کہنا تھا کہ پانچ سال سے سن رہے ہیں کہ نواز شریف کو مائنس کر دیں گے، ایسی باتیں کرنے والے آزاد کشمیر آ کر دیکھیں۔ عوام نے انھیں مسترد کر دیا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ کل ایک سلیکٹڈ باغ آزاد کشمیر میں جلسہ کرنے آیا تھا۔ اگر یہ کل کا جلسہ نہ کرتے تو شاید ان کا بھرم رہ جاتا۔ سلیکٹڈ کا جلسہ فلاپ تھا جس پر کروڑوں روپے خرچ ہوئے۔
لیگی رہنما نے کہا کہ کل آزاد کشمیر میں سرکاری خرچ پر ووٹ مانگنے آئے تھے۔ انہوں نے باغ آزاد کشمیر میں پیسے بنانے والی نئی مشین ڈھونڈ لی ہے۔ انہوں نے سوچا تھا کہ نئی اے ٹی ایم لوگوں کو پیسہ دے کر اکٹھا کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ لیکن یادرکھو تمہاری کل بھی دو سیٹوں کی اوقات تھی، آج بھی یہی ہے۔ نواز شریف کے پاس کوئی اے ٹی ایم نہیں ہے۔ کراچی سے خیبر تک ہر جگہ عوام نے تمہیں مسترد کیا ہے۔