پلندری: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف نے الزام عائد کیا ہے کہ جیل میں ان کے والد میاں نواز شریف کے قتل کی سازش بھی تیار کی گئی تھی۔
آزاد کشمیر کے علاقے پلندری میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ دشمنوں نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے ساتھ کیا کچھ نہیں کیا، تمام ریاستی اداروں نے ان پر ظلم کیے، عوام کا ساتھ دینے کی سزا دی گئی۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ عمران خان نے پہلے مقبوضہ کشمیر کو بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی جھولی میں ڈالا، اب ان کی نظر آزاد کشمیر پر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آج عوام پر پٹرول بم گرانے کی سازش کی جا رہی ہے۔ جب تیل کی قیمت بڑھتی ہے تو ہر چیز مہنگی ہو جاتی ہے لیکن تیل مہنگا ہونے سے عمران خان کو فرق نہیں پڑتا کیونکہ وہ سائیکل پر دفتر جاتے ہیں، جان بچانے والی ادویات دسویں بار مہنگی کی گئیں، عمران خان نے کشمیر میں حکومت بنائی تو پہاڑ بھی گروی رکھ دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو قید میں بھی قتل کرنے کی سازش کی گئی۔ نواز شریف کے بنائے ہوئے منصوبوں کو گروی رکھنے کی سازش کر رہے ہیں، نواز شریف کی بنائی ہوئی سڑکیں عمران خان گروی رکھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر کو بیچنے کی سازش امریکا میں بیٹھ کر رچائی گئی، کشمیر بھارت کی جھولی میں ڈال کر 2 منٹ خاموشی کا کہتے ہیں، آزاد کشمیر میں بھی ووٹ کو عزت دو کے نعرے گونج رہے ہیں۔