بالا ہٹیاں: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان عمران خان کشمیر کا رخ کرنے سے پہلے اپنا نامہ اعمال ساتھ لائیں۔ کشمیری ان سے کشمیر کا سودا کرنے کا سوال کریں گے۔
آزاد کشمیر کے علاقے بالا ہٹیاں میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کوئی دوست ملک عمران خان سے بات کرنے کو تیار نہیں ہے۔ جس شخص کی گھر میں عزت نہیں، باہر کیا ہوگی۔
مریم نواز نے کہا کہ کشمیر کا مقدمہ ہارنے والے اب کشمیر انتخابات پر نظر لگائے بیٹھے ہیں۔ کشمیر کا ووٹ چوری کیا تو راجہ فاروق حیدر تمہیں نہیں چھوڑے گا۔ کشمیر کو صوبہ نہیں بننے دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں صرف عمران خان ہی خوشحال ہیں۔ سب جانتے ہیں کہ اس ملک میں آٹا، چینی چوری اور بجلی مہنگی کرنے میں کون مصروف ہے؟