نواز شریف کو سازش کے ذریعے اقتدار سے ہٹایا گیا، مریم نواز کا الزام

Published On 16 July,2021 06:36 pm

بھمبر: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر نے الزام عائد کیا ہے کہ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کو اقتدار سے ایک سازش کے تحت ہٹایا گیا تھا۔ اس مقصد کیلئے ان پر جھوٹے مقدمات درج کئے گئے۔

آزاد کشمیر کے علاقے بھمبر میں انتخابی جلسے سے خطاب میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ نواز شریف لندن میں ہیں لیکن انھیں شکست دینے کیلئے الیکشن چوری کرنا پڑتا ہے۔ یہ لوگ ایک پیج پر رہ کر بھی ہار گئے۔

مریم نواز نے کہا کہ میں اس دھرتی کی بیٹی ہوں جو افواج پاکستان سے پیار کرتی ہے۔ ہمارے ساتھ چند افراد نے ظلم اور زیادتی کی۔ تاہم یہ معاملہ میں نے اللہ تعالیٰ پر چھوڑ دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے اس ملک سے لوڈشیڈنگ کے اندھیرے ختم کر دیے تھے لیکن آج بجلی نہیں آتی بلکہ بڑے بڑے بل آتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی نالائقی، کرپشن اور نااہلی کی وجہ سے روزانہ قیمتیں بڑھ رہی ہیں۔ یوٹیلٹی سٹورز پر بھی چینی، گھی اور آٹا کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں۔
 

Advertisement