لاہور: (دنیا نیوز) لاہور شہر میں کہیں رم جھم کہیں بارش سے گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گیا۔ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارش کا امکان ہے، محکمہ موسمیات نے نوید سنادی۔
کچھ دیر کے لیے کالی گھٹاؤں نے آسمان پر ڈیرے ڈالے جس کے بعد کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ مال روڈ، بیڈن روڈ، ایبٹ روڈ ،کینال روڈ ، گوالمنڈی میں رم جھم ہوئی، تیز ہواؤں سے موسم سہانا ہو گیا۔ بارش سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوا اور تھوڑی دیر کے بعد ہی پانی کا انخلا ہو گیا۔
حسب روایت لیسکو کے کئی فیڈرز بھی ٹرپ کرگئےجس کے باعث شہریوں کو بجلی کی بندش کا سامنا بھی رہا۔ ڈی سی لاہور مدثر ریاض نے کہا کہ شہر کے نشیبی پوائنٹس پر بھرپور توجہ دی جائے گی۔ واسا اپنے تمام ملازمین کو پوائنٹ پر الرٹ رکھے۔ اسسٹنٹ کمیشنر بارش کی صورت میں فیلڈ میں موجود رہیں گے.