مینار پاکستان واقعہ، ملزمان کیخلاف گھیرا تنگ، آئی جی کا چیئر مین نادرا سے رابطہ

Published On 18 August,2021 06:34 pm

لاہور: (دنیا نیوز) مینار پاکستان میں خاتون پر تشدد اور دست درازی کرنے والے ملزمان کے خلاف گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے ۔ آئی جی پنجاب انعام غنی نے چئیر مین نادرا محمد طارق ملک سے ٹیلی فون پر بات کی ہے اور ملزموں کی فوری شناخت کرکے انکے شناختی کارڈ مانگ ہیں۔

گریٹر اقبال پارک میں خاتون پر تشدد اور دست درازی کرنے والے ملزمان کو گرفتار کرنے کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ آئی جی پنجاب نے چئیر مین نادرا سے ٹیلی فون پر بات کی ہے۔ ملزموں کی شناخت کا عمل فوری شروع کرنے کیلئے کہا۔

چیئرمین نادرا کو ملزمان کی شناخت کے لیے ان کی تصاویر پولیس نے بھجوا دی گئی ہیں۔ نادرا کا عملہ چھٹی کے باوجود ملزموں کی شناخت کے عمل میں مصروف ہے۔

آئی جی پنجاب انعام غنی کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف تمام ثبوت اور شواہد اکٹھے کر کے انہیں گرفتار کیا جائے گا تاکہ ملزمان سزاؤں سے سے نہ بچ سکیں۔ ملزمان کے خلاف دفعہ 354-Aت پ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے جس کی سزا عمر قید یا سزائے موت ہے۔

آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ تمام ملزمان کو سخت سے سخت سزائیں دلوائی جائیں گی۔ آئی جی پنجاب کی سی سی پی او لاہوراور ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کو مقدمہ کی براہِ راست نگرانی کا بھی حکم دے دیا ہے ۔

دوسری طرف آئی جی پنجاب انعام غنی نے ٹویٹر پر بتایا کہ مینار پاکستان واقعہ کی تحقیقات کے لیے تین رکنی اعلیٰ سطحی کمیٹی بنا دی ہے۔ کمیٹی کے سربراہ ایڈیشنل آئی جی راؤ سردار علی خان ہوں گے جبکہ دیگر ممبران میں ڈی آئی جی انٹرنل اکاؤنٹیبلٹی اور اےآئی جی لاجسٹک شامل ہیں۔

آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ میں قوم کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ جو بھی اس واقعہ میں شامل ہوا انہیں سزا دی جائے گی۔
 

اُدھر وزیراعظم نے گریٹراقبال پارک واقعہ پر آئی جی پنجاب پولیس سے رابطہ کرلیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما زلفی بخاری نے ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ آئی جی انعام غنی نےوزیر اعظم عمران خان کوواقعہ کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

معاون خصوصی وزیر اعظم ڈاکٹر شہباز گل نے کہاہے کہ واقعہ میں ملوث ملزمان کو پولیس گرفتار کر کے سخت ترین کارروائی کرے گی، پولیس ویڈیوز کی مدد سے ملزمان کی شناخت کر رہی ہے۔

گورنر پنجاب چو دھری سرور نے کہا کہ خاتون پر تشدد میں ملوث افراداپنے انجام سے بچ نہیں سکیں گے،ترجمان حکومت پنجاب فیاض الحسن چوہان نے متاثرہ لڑکی سے فون پر رابطہ کرلیا ،فیاض الحسن چوہان کاکہناہے کہ واقعے میں ملوث ملزمان قانون کے شکنجے سے بچ نہیں سکیں گے۔

دوسری جانب اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے بھی واقعہ پر اظہار تشویش کیا ، شہبازشریف کاکہناہے کہ خاتون کو ہراساں کرنا تشویش ناک ہے، اس سے زیادہ پریشان کن بات یہ ہے کہ ہمارا معاشرہ کس سمت جارہا ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کاکہناہے کہ نوجوان لڑکی سے ہوئے واقعے کے بعد پاکستانی خواتین خود کو غیرمحفوظ سمجھ رہی ہیں، یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم خواتین کے تحفظ اور مساوی حقوق کو یقینی بنائیں۔