کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے سب سے بڑے گجر نالے پر آپریشن آخری مراحل میں پہنچ گیا۔ اورنگی نالے پر بھی بیشتر تجاوزات کا صفایا کر دیا گیا۔ کے ایم سی انسداد تجاوزات سیل نے رواں ماہ کے اختتام تک گجر اور اورنگی نالے کو کلئیر کرنے کا عندیہ دے دیا۔
شہر قائد کو برسات میں ڈوبنے سے بچانے کیلئے بڑے نالوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا کام جاری ہے۔ گجر اور اورنگی نالے سے بیشتر تجاوزات کا صفایا کر دیا گیا۔ ہیوی مشینری اور افرادی قوت بھی بڑھا دی گئی۔ انکروچمنٹ عملے نے ناظم آباد چار نمبر پر گجر نالے کے اطراف لیز مکانات مسمار کرنے کیلئے کارروائی بھی تیز کر دی۔ عدالتی حکم امتناعی کے باوجود کے ایم سی انسداد تجاوزات سیل کی جانب سے منصوبے کی تکمیل کیلئے متعدد مکانات مسمار کر دئیے۔
کے ایم سی حکام کے مطابق گجر اور اورنگی نالوں سے رواں ماہ تجاوزات کا مکمل خاتمہ کر دیا جائے گا۔ حکام کے مطابق نالوں پر انسداد تجاوزات آپریشن کے دوران 800 سے زائد کیسز کا بھی سامنا کرنا پڑا، متاثرین کو حکومتی پالیسی کے تحت معاوضہ کی ادائیگی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ انسداد تجازوات آپریشن مکمل ہونے پر ترقیاتی کام تیزی سے کئے جائِینگے۔